پیر 22 دسمبر 2025 - 11:07
ماہِ رجب میں سب سے افضل عمل کیا ہے؟ رہبرِ انقلاب اسلامی کی اہم ہدایات

حوزہ/ ماہِ مبارک رجب اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع، دعا، توسل اور بالخصوص استغفار کا مہینہ ہے۔ رہبرِ انقلاب اسلامی کے مطابق اس بابرکت مہینے میں سب سے شایستہ اور افضل عمل استغفار ہے، کیونکہ کوئی بھی انسان اللہ کی مغفرت سے بے نیاز نہیں ہو سکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہِ رجب کے آغاز کی مناسبت سے رہبرِ معظم کے بیانات کے منتخب اقتباسات پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں اس مہینے سے بھرپور استفادے کی تلقین کی گئی ہے۔

ماہِ رجب میں سب سے شایستہ عمل

رہبرِ انقلاب اسلامی فرماتے ہیں:

ماہِ رجب میں جو سب سے بہترین عمل انسان انجام دے سکتا ہے، وہ استغفار ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں استغفار کی شدید ضرورت ہے۔ مغفرتِ الٰہی دنیا و آخرت میں انسان کے لیے سب سے بڑی نعمت ہے۔ حتیٰ کہ اللہ کے اولیاء اور خود پیغمبرِ خدا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی مغفرتِ الٰہی سے بے نیاز نہیں ہیں۔

آپ نے قرآنِ کریم کی آیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ انسان کبھی بھی اللہ کی عبادت کا حق مکمل طور پر ادا نہیں کر سکتا، اسی کمی اور ناتوانی کے سبب استغفار ضروری ہے۔ (۲۶ دی ۱۴۰۲)

ماہِ رجب، دعا اور توسل کا مہینہ

رہبرِ معظم کے مطابق ماہِ رجب ایک قیمتی موقع ہے؛ یہ دعا، توسل، توجہ اور استغفار کا مہینہ ہے۔ انسان کو یہ گمان نہیں کرنا چاہیے کہ وہ استغفار سے بے نیاز ہے۔ پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روزانہ کم از کم ستر مرتبہ استغفار فرمایا کرتے تھے۔

خصوصاً آج کے دور میں، جب انسان دنیاوی مشغولیات میں گھرا ہوا ہے، استغفار دل و روح کی آلودگیوں کو پاک کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ (۳ تیر ۱۳۸۸)

ماہِ رجب، شعبان اور رمضان کی تیاری

رہبرِ انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ماہِ رجب درحقیقت ماہِ شعبان اور اس کے بعد ماہِ رمضان کی تمہید ہے۔ یہ تینوں مہینے انسان کے لیے خودسازی، روحانی ذخیرہ اور زندگی کے بڑے مراحل کے لیے قوت فراہم کرنے کا سنہری موقع ہیں

ماہِ رجب کی دعاؤں سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان کو اس مہینے میں ہدایت، جدوجہد، صبر، عمل اور یقین جیسی صفات حاصل کرنے کی دعا کرنی چاہیے، کیونکہ یہی اوصاف انسان کو روحانی بلندی عطا کرتے ہیں۔ (۲۳ دی ۱۳۷۱)

ماہِ مبارک رجب میں استغفار کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا، اللہ تعالیٰ کی مغفرت حاصل کرنے اور آئندہ روحانی مراحل کے لیے خود کو تیار کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha